5 نومبر، 2025، 8:23 AM

نیویارک میں تاریخ رقم، زہران ممدانی پہلے مسلمان میئر منتخب

نیویارک میں تاریخ رقم، زہران ممدانی پہلے مسلمان میئر منتخب

نیویارک میں ہونے والے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں زہران ممدانی نے تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے شہر کے پہلے مسلمان میئر بننے کا اعزاز حاصل کیا، جب کہ عوامی شرکت کا تناسب گزشتہ کئی دہائیوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ رہا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ زہران ممدانی، جو ایک مسلمان اور ڈیموکریٹ امیدوار ہیں، نیویارک شہر کے میئر منتخب ہو گئے ہیں۔ ان کی کامیابی کو امریکہ میں اقلیتوں کی سیاسی شمولیت کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

بلومبرگ نیوز کے مطابق، نیویارک کے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں عوامی شرکت کا تناسب گزشتہ کئی دہائیوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ رہا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ووٹرز کی بڑی تعداد نے انتخابات میں حصہ لیا، جو اس بات کی علامت ہے کہ شہریوں میں تبدیلی کی خواہش شدت اختیار کر چکی ہے۔

لبنانی نشریاتی ادارے المیادین نے بھی انتخابات میں ووٹرز کی شرکت کے اعداد و شمار جاری کیے، جن کے مطابق اب تک کی گنتی میں اکثریت نے زہران ممدانی کے حق میں ووٹ دیا۔ اس چینل کے نیویارک میں موجود نمائندے نے رپورٹ کیا کہ تقریباً 16 لاکھ افراد نے ووٹ ڈالے، جن میں سے بڑی تعداد نے ممدانی کو ترجیح دی۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ بیشتر ووٹرز نے نیویارک میں زندگی کے معیار میں کمی اور معاشی بدحالی کے خلاف احتجاجاً ممدانی کو ووٹ دیا۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق، زہران ممدانی نے 50 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کیے، جب کہ ان کے حریف آندرو کومو صرف 41 فیصد ووٹ حاصل کر سکے۔ ممدانی کی کامیابی کو نہ صرف نیویارک بلکہ پورے امریکہ میں اقلیتوں، خاص طور پر مسلمانوں کے لیے ایک بڑی سیاسی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

News ID 1936312

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha